بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے کہا ہے کہ وہ موت کے خطرے کے باوجود دسمبر میں اپنے وطن واپس جائیں گی اور کوئی بھی دھمکی انہیں اس فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔
شیخ حسینہ اگست 2024 سے بھارت میں مقیم ہیں۔ وہ طلبہ کی قیادت میں شروع ہونے والی ملک گیر تحریک اور اپنی 15 سالہ حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلہ دیش چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں۔
بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے گزشتہ سال مظاہرین کے خلاف خونریز کریک ڈاؤن کے معاملے پر انہیں انسانیت کے خلاف جرائم کا مجرم قرار دیتے ہوئے ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔
ایک ای میل انٹرویو میں شیخ حسینہ نے کہا کہ وہ وطن واپسی کے ممکنہ خطرات سے بخوبی آگاہ ہیں، لیکن انہوں نے واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے اور موت کا خطرہ بھی انہیں اپنے ملک آنے سے نہیں روک سکتا۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنگلہ دیشی حکام واضح کر چکے ہیں کہ وطن واپسی کی صورت میں انہیں سزائے موت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ حکام کے مطابق سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کی مقررہ مدت بھی گزر چکی ہے۔
79 سالہ شیخ حسینہ اس مقدمے کی قانونی حیثیت کو بارہا مسترد کرچکی ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ان کے خلاف 600 سے زائد جھوٹے مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں بدعنوانی کے الزامات بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب بنگلہ دیش حکومت بھارت سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کرچکی ہے، تاہم نئی دہلی کا کہنا ہے کہ اس درخواست کا قانونی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
شیخ حسینہ نے بنگلہ دیشی حکومت کے مؤقف کو متضاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ان کی واپسی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور دوسری جانب انہیں وطن آنے کی اجازت دینے کے بجائے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
عوامی لیگ کی سیاسی سرگرمیوں سے متعلق مؤقف
شیخ حسینہ نے بنگلہ دیش میں حالیہ پیٹرول بم حملوں میں اپنی جماعت عوامی لیگ کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیشی حکام ان حملوں کا الزام عوامی لیگ پر عائد کرچکے ہیں، جبکہ جماعت کی سرگرمیوں پر پابندی بھی عائد ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے عزم کا اظہار اپنی سیاسی اہمیت برقرار رکھنے، حامیوں کی حمایت قائم رکھنے اور عوامی لیگ کو سیاسی طور پر متحرک رکھنے کی کوشش ہوسکتا ہے۔
بنگلہ دیش واپسی کیلئے سفری دستاویزات کی تیاری
سابق وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ انہیں بنگلہ دیش واپسی کے انتظامات کیلئے بھارت سے مدد لینے یا حوالگی کی درخواست کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
ان کے مطابق حوالگی دو خودمختار ریاستوں کے درمیان معاملہ ہے اور بھارت اپنے قوانین، پالیسیوں اور قومی مفادات کے مطابق فیصلہ کرے گا۔
شیخ حسینہ نے بتایا کہ ان کے وکلا نے نئی دہلی میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کے ذریعے بنگلہ دیشی پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے حصول کیلئے درخواستیں جمع کرادی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ دسمبر میں وطن واپسی کی تیاریاں کر رہی ہیں۔
شیخ حسینہ کا کہنا تھا کہ وہ مرنا نہیں چاہتیں بلکہ زندہ رہ کر اپنے ملک کی خدمت جاری رکھنا چاہتی ہیں، تاہم اگر وطن واپسی کی قیمت موت ہے تو وہ اس کا سامنا کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔









