وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے واضح کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے لیے حکومت کے پاس نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ ہی ڈھیل، ان کی رہائی کے تمام راستے صرف عدالتوں کے ذریعے ہی کھل سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عمران خان سے متعلق تمام معاملات عدالتوں میں حل ہونے ہیں، ایک طرف وہ سخت مؤقف اختیار کرتے ہیں اور دوسری جانب حکومت سے رابطوں کی باتیں کی جاتی ہیں، جو آپس میں متضاد ہیں۔
پی ٹی آئی سے بیک ڈور یا فرنٹ ڈور کوئی رابطہ نہیں، وزیر پارلیمانی امور
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اس وقت کسی قسم کے بیک ڈور یا فرنٹ ڈور رابطے نہیں ہو رہے۔
انہوں نے کہا کہ خفیہ رابطوں اور مذاکرات سے متعلق خبریں محض خواہشات پر مبنی ہیں، حکومت کی جانب سے ایسے کسی رابطے کی تصدیق نہیں کی گئی۔
عمران خان کے وکلا کو اپنے کام پر توجہ دینی چاہیے، طارق فضل چوہدری
وفاقی وزیر نے بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں طبی ماہرین بننے کے بجائے اپنے قانونی امور پر توجہ دینی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ وکلا اگر اپنے پیشہ ورانہ کام پر توجہ دیں تو اس سے زیادہ فائدہ مند صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی رہائی اور حکومت کے ساتھ ممکنہ مذاکرات سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں، تاہم طارق فضل چوہدری نے ایک بار پھر حکومت کا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے معاملات کا فیصلہ قانونی اور عدالتی طریقہ کار کے مطابق ہی ہوگا۔









