8

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کردی

کراچی میں مغربی ہواؤں کے زیر اثر جمعے کے روز مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے، جس کے بعد شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں کو متاثر کررہا ہے، جس کے اثرات سندھ کے بعض علاقوں میں بھی محسوس کیے جاسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعے کو کراچی میں کہیں ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی ہوسکتی ہے، جبکہ بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

سندھ کے مختلف شہروں میں بھی ہلکی بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کے روز جامشورو، ٹھٹھہ، قمبر شہدادکوٹ اور دادو میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع

دوسری جانب صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے جبکہ راتیں خنک ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند بھی چھا سکتی ہے، جس کے باعث شہریوں اور مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کراچی میں ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم میں تبدیلی متوقع ہے۔