پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے بعد مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کی ذمہ داریوں پر عملی طور پر عملدرآمد کا مرحلہ شروع کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور حرمین شریفین کے تحفظ پر پاکستان کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
عرب اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے تحت اجتماعی دفاعی ذمہ داریوں کو عملی شکل دینے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ سعودی عرب میں طے شدہ فوجی دستوں اور عسکری صلاحیتوں کی بروقت تعیناتی ممکن بنائی جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ ان اقدامات میں فوجی تیاریوں میں اضافہ، عسکری ہم آہنگی کو مضبوط بنانا، انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ اور دفاعی کارروائیوں کے لیے رابطہ کاری بہتر بنانا شامل ہے۔
سعودی عرب میں پاکستانی فوجی دستے پہلے سے موجود ہیں
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی فوجی دستے پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہیں اور مختلف دفاعی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
ان کے مطابق پاکستانی فوجی اہلکار سعودی عرب میں دفاعی معاونت، مشترکہ فوجی مشقوں، تربیتی سرگرمیوں اور عسکری نقل و حرکت سے متعلق امور میں تعاون فراہم کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دفاعی ضروریات کے مطابق فوجی اہلکاروں، عسکری صلاحیتوں، تربیت اور لاجسٹک معاونت کی فراہمی جاری رکھے گا۔
سعودی عرب میں اضافی فوجی دستوں اور فضائی و میزائل دفاعی نظام کی تعیناتی سے متعلق سوال پر احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ضروری دفاعی معاونت فراہم کی جاتی رہے گی، تاہم فوجی اتحاد اپنے دستوں کی تعداد، تعیناتی کے مقامات اور آپریشنل تفصیلات عام نہیں کرتے۔
سعودی عرب پر حملے خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، شہروں، شہری اور اقتصادی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ان حملوں پر گہری تشویش پائی جاتی ہے اور سعودی عرب و حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیح ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کشیدگی کم کرنے اور سفارتی ذرائع سے مسائل حل کرنے کی کوششیں جاری رہنی چاہئیں کیونکہ مزید کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔
ایران کے ساتھ مذاکرات اور علاقائی کشیدگی میں کمی پر بھی بات چیت
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق 26 اکتوبر کو مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد اور ایران کے نمائندوں کے درمیان تہران میں ہونے والی ملاقات کا مقصد علاقائی کشیدگی کم کرنے اور تعاون کے فروغ کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اس ملاقات میں شرکت اور ان کا دورہ ایران اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور پُرامن سفارتی ذرائع کو ترجیح دیتا ہے۔
احمد شریف چوہدری نے کہا کہ فریقین نے باہمی تعاون بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے اور مکہ اتحاد میں فرق
انٹرویو میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے درمیان فرق بھی واضح کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کا فریم ورک فراہم کرتا ہے۔
دوسری جانب مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان سہ فریقی معاہدہ ہے، جس کا مقصد اجتماعی دفاع، مشترکہ فوجی تیاری اور عسکری رابطہ کاری کو مربوط بنانا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دونوں معاہدوں کی نوعیت دفاعی ہے اور ان کا مقصد کسی تیسرے ملک کے خلاف جارحانہ کارروائی کرنا نہیں بلکہ رکن ممالک کی سلامتی اور خودمختاری کا تحفظ ہے۔
پاکستان کا علاقائی امن اور سعودی عرب کی سلامتی کیلئے عزم
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون، عسکری ہم آہنگی اور مشترکہ تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ضروری دفاعی معاونت فراہم کرتا رہے گا، تاہم خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کو بھی جاری رکھنا ضروری ہے۔









