پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان 16 سال کے طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہونے کیلئے تیار ہیں، اداکارہ کی واپسی کا اعلان فلم ساز وجاہت رؤف کی نئی فلم ’پنچھی پیارے‘ کے ذریعے کیا گیا ہے۔
فلم کی پروڈیوسر شازیہ وجاہت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ کے ذریعے ریما خان کی فلمی دنیا میں واپسی کا اعلان کیا اور اس موقع پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔
شازیہ وجاہت نے اپنے پیغام میں کہا کہ لیجنڈری اداکارہ کی 16 سال بعد بڑی اسکرین پر واپسی کا اعلان کرنا ان کیلئے اعزاز اور خوش قسمتی کی بات ہے، جبکہ ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنا بھی باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے اداکارہ ریما خان کو نئی فلم میں خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ فلم کا نام ’پنچھی پیارے‘ رکھا گیا ہے، جو عیدالفطر 2027 پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
فلم کی ہدایات وجاہت رؤف دے رہے ہیں جبکہ اسے شوکیس فلمز پیش کرے گی۔ تاہم فلم کی کہانی، ریما خان کے کردار اور دیگر اداکاروں کی کاسٹ سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
واضح رہے کہ ریما خان کا شمار پاکستانی فلم انڈسٹری کی مقبول اور معروف اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 1990 کی دہائی میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور متعدد کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
16 سال بعد اداکارہ کی بڑی اسکرین پر واپسی کی خبر نے ان کے مداحوں اور فلمی شائقین میں خاصی دلچسپی پیدا کردی ہے۔









