11

افغانستان نے فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر ہانگ کانگ سپر سکسز کا ٹائٹل جیت لیا

افغانستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ہانگ کانگ سپر سکسز 2026 کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔

فائنل مقابلے میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 6 اوورز میں 115 رنز بنائے اور افغانستان کو جیت کے لیے 116 رنز کا ہدف دیا، جسے افغان ٹیم نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

افغانستان کی جانب سے عمران میر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 14 گیندوں پر 7 چھکوں کی مدد سے 54 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جبکہ فرمان اللہ نے محض 7 گیندوں پر 26 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے میکس برینٹ 44، ایلکس روز 29 اور نک ہابسن 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آسٹریلوی بولرز کرس گرین اور میکس برینٹ کو بھی مہنگے اوورز کا سامنا کرنا پڑا، کرس گرین کے ایک اوور میں 30 جبکہ میکس برینٹ کے ایک اوور میں 27 رنز بنے۔

دوسری جانب پاکستان نے بھی ٹورنامنٹ میں پلیٹ فائنل جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان نے عمان کو 18 رنز سے شکست دی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔ کپتان عباس آفریدی نے صرف 16 گیندوں پر 73 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

155 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 136 رنز بنا سکی، یوں پاکستان نے پلیٹ فائنل اپنے نام کرلیا۔