4

کینیڈا میں حیرت انگیز واقعہ؛ 51 سال قبل گم ہونے والا بٹوہ اصل مالک کو واپس مل گیا

ٹورانٹو (نیوز ڈیسک) — عام طور پر گم ہونے والا بٹوہ یا والٹ واپس ملنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے، لیکن کینیڈا میں ایک ایسا ہی دنگ کر دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شخص کا بٹوہ پورے 51 سال بعد اسے صحیح سلامت واپس مل گیا ہے۔ کینیڈا کے علاقے ڈارٹ ماؤتھ میں رچرڈ گیلوری نامی شخص کا یہ بٹوہ 1975 میں گم ہو گیا تھا، جو حال ہی میں ایک گھر کی مرمت کے دوران وہاں کام کرنے والے ایک بڑھئی میٹی گولڈ اسمتھ کو فرش کے نیچے سے ملا۔

بٹوے کے اندر اس وقت کے مالک کا ڈرائیور لائسنس، ہائی اسکول اسٹوڈنٹ آئی ڈی، ہاتھ سے لکھا ہوا برتھ سرٹیفکیٹ، ایک ڈالر کا نوٹ اور ایک تھیٹر ڈرامے کا ٹکٹ محفوظ حالت میں موجود تھا۔ بڑھئی نے سوشل میڈیا کی مدد سے بٹوے کے مالک کو تلاش کیا، جہاں ایک خاتون ڈونا گیلوری نے شناخت کیا کہ یہ اشیا ان کے شوہر رچرڈ گیلوری کی ہیں۔ آدھی صدی بعد اپنا پرانا بٹوہ واپس ملنے پر رچرڈ گیلوری نے شدید حیرت اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ تو یاد تھا کہ 1975 میں ان کا بٹوہ گھر میں گم ہوا تھا، لیکن اس میں موجود پرانی یادگار اشیا اور ٹکٹ دیکھ کر وہ دنگ رہ گئے۔