پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 27 ستمبر کے اعلان کردہ لانگ مارچ سے قبل ہی احتجاجی مارچ شروع کرنے کا عندیہ دے دیا ہے، جبکہ پارٹی تنظیموں کو پنجاب کی سرحد پر کیمپ لگانے کیلئے جگہوں کی نشاندہی کی ہدایت کردی گئی۔
پشاور میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں 27 ستمبر کے احتجاج اور لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ممکنہ روٹس اور احتجاجی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔
پنجاب سرحد پر کیمپ لگانے کی ہدایت
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر خان نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا کے سرحدی راستوں پر کیمپ لگانے کیلئے مناسب مقامات کی نشاندہی کی جائے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق 27 ستمبر کے احتجاج کیلئے تین مختلف منصوبے تیار کیے گئے ہیں، جن میں جی ٹی روڈ اور موٹروے کے ذریعے اسلام آباد جانے کے الگ الگ پلان بھی شامل ہیں۔
کسی بھی وقت کال دی جاسکتی ہے
جنید اکبر خان نے اجلاس میں کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ساتھ روا رکھے گئے رویے اور وفاقی حکومت کی پالیسی کے باعث 27 ستمبر سے پہلے بھی مارچ شروع کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے ارکان اسمبلی، پارٹی تنظیموں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ تیار رہیں کیونکہ کسی بھی وقت احتجاجی مارچ کی کال دی جاسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موٹروے اور جی ٹی روڈ سے جانے کیلئے علیحدہ حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔
حتمی منصوبے کا اعلان چند روز میں متوقع
پارٹی ذرائع کے مطابق قیادت آئندہ تین سے چار روز میں لانگ مارچ سے متعلق حتمی منصوبے کا اعلان کرے گی۔
پی ٹی آئی نے پہلے ہی 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے اسٹریٹ موومنٹ بھی جاری ہے۔
سہیل آفریدی سندھ کے بعد پنجاب میں موومنٹ کیلئے لاہور پہنچے ہیں اور وہاں مختلف سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔









