5

وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم کا ملک بھر میں آغاز 16 ستمبر سے ہوگا

وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ فیول ریلیف اسکیم کا ملک بھر میں باقاعدہ آغاز 16 ستمبر 2026 سے ہوگا، جبکہ اسلام آباد میں اسکیم پہلے ہی فعال ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم کے انتظامی امور اور عمل درآمد سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا، وزیر مملکت برائے خزانہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی، سیکریٹری آئی ٹی اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔

رجسٹریشن کا عمل آسان بنانے کی ہدایت

اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ فیول ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان اور ہر شہری کے لیے قابل رسائی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو عوامی آگاہی مؤثر بنانے اور ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر اسکیم کے ہموار اور مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

عوامی آگاہی کیلئے منتخب نمائندے اور رضاکار متحرک

اسحاق ڈار نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے حلقوں میں فیول ریلیف اسکیم سے متعلق معلومات عوام تک پہنچائیں اور رجسٹریشن کے عمل میں شہریوں کی معاونت کریں۔

اجلاس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے رضاکاروں کو بھی عوامی آگاہی اور رجسٹریشن کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت کی گئی۔

16 ستمبر کی رات سے ملک بھر میں آغاز

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم اس وقت اسلام آباد میں فعال ہے، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں اس کا آغاز 16 ستمبر 2026 کو رات 11 بج کر 59 منٹ پر کیا جائے گا۔

حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسکیم کے نفاذ کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات کے فوری ازالے اور رجسٹریشن کے عمل کو سہل بنانے کے لیے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔