8

وزیراعظم کی پیٹرول اسکیم سے ہماری جدوجہد متاثر نہیں ہوگی، حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے وزیراعظم کی جانب سے موٹر سائیکل، رکشا اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف اسکیم پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک ان کی جماعت کی جدوجہد جاری رہے گی۔

اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں حکومت 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے پر مجبور ہوئی، تاہم وزیراعظم کی نئی اسکیم سے لیوی کے خاتمے کیلئے جاری تحریک پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل، رکشا اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کی تفصیلات کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد جماعت اسلامی اپنا حتمی مؤقف سامنے لائے گی۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پٹرولیم لیوی کے خلاف دھرنے اور لانگ مارچ کا سلسلہ لیوی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔

جماعت اسلامی کے مطابق پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ لاہور، کراچی، پشاور، راولپنڈی، ہری پور اور سوات سمیت متعدد مقامات پر احتجاجی کیمپ لگائے گئے ہیں۔