5

الجزائر کا متحدہ عرب امارات سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان

الجزائر نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق الجزائر کے سرکاری ٹی وی پر جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات برقرار رکھنے کے تمام ذرائع ختم ہونے کے بعد سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

الجزائر نے متحدہ عرب امارات پر ملکی اور علاقائی معاملات میں مداخلت کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔

الجزائری حکومت نے اپنے ملک میں تعینات اماراتی سفیر کو فیصلہ پر عملدرآمد کرتے ہوئے 48 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

دونوں ممالک میں اختلافات شدت اختیار کرگئے

الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون ماضی میں بھی متحدہ عرب امارات کے کردار پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے مختلف مواقع پر امارات پر خطے کے ممالک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کے الزامات عائد کیے۔

جولائی میں ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران صدر تبون نے امارات کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا کردار الجزائر اور خطے کیلئے نقصان دہ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ الجزائر عرب دنیا میں تقسیم کو مزید گہرا ہونے سے روکنے کی کوشش کررہا ہے، ورنہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات پہلے ہی ختم ہوچکے ہوتے۔

حالیہ اعلان کے بعد الجزائر اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔