3

برسوں کی جمع پونجی ضائع: بھارتی ریاست اتر پردیش میں چوہوں نے خاتون کے 12 لاکھ روپے کتر ڈالے

بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع گونڈا میں ایک خاتون کو اس وقت شدید صدمے اور مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب اس کی کئی برسوں کی محنت سے جمع کی گئی تقریباً 12 لاکھ روپے کی رقم چوہوں نے کتر کر تباہ کر دی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق متاثرہ خاتون سال 2019ء سے اپنے اہلِ خانہ اور شوہر کو بتائے بغیر مستقبل میں زیورات کی خریداری کے لیے تھوڑی تھوڑی رقم گھر میں رکھے ایک پرانے ٹرنک میں چھپا کر جمع کر رہی تھی۔ خاتون نے طویل عرصے تک ٹرنک کھول کر نہیں دیکھا، تاہم جب حال ہی میں اس نے جمع پونجی نکالنے کے لیے ٹرنک کھولا تو کرنسی نوٹوں کی حالت دیکھ کر دنگ رہ گئی، کیونکہ چوہوں نے نوٹوں کی بڑی تعداد کتر کر ٹکڑے ٹکڑے کر دی تھی۔

خاتون اور اس کے شوہر نے ٹرنک میں بکھرے ہوئے پرخچوں میں سے نسبتاً محفوظ نوٹوں کو الگ کرنے کی کوشش کی، تاہم رقم کا ایک بڑا حصہ ناقابلِ استعمال ہو کر ضائع ہو چکا تھا۔ اس افسوسناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس پر متعدد صارفین نے خاتون کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ بیشتر صارفین نے گھروں میں بڑی رقوم نقدی کی صورت میں رکھنے کے بجائے بینک اکاؤنٹس میں محفوظ رکھنے کے شعور پر زور دیا۔