5

سوتے ہوئے ریچھ کو جگانا مہنگا پڑگیا، کشتی پر 13 لاکھ روپے جرمانہ

ناروے کے علاقے سوالبارد میں سوتے ہوئے قطبی ریچھ کو ہارن بجا کر جگانے پر کشتی پر 5 ہزار ڈالر سے زائد کا جرمانہ عائد کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اگست کے آغاز میں ایک کشتی سوالبارد کے پانیوں میں موجود تھی، جہاں عملے نے خشکی پر ایک قطبی ریچھ کو سوئے ہوئے دیکھا۔

کشتی پر موجود ایک شخص نے ریچھ کو دیکھنے کے بعد فوگ ہارن بجا دیا، جس کے شور سے قطبی ریچھ جاگ گیا اور دوسری جگہ منتقل ہوگیا۔

واقعے پر سوالبارد کے گورنر لارز فاؤسے کے دفتر نے 5 ہزار 255 ڈالر جرمانہ عائد کیا، جو پاکستانی کرنسی میں 13 لاکھ روپے سے زائد بنتا ہے۔

گورنر کے مطابق قطبی ریچھ کو بے مقصد تنگ کرنا یا اس کا پیچھا کرنا مقامی قوانین کے تحت جرم ہے۔ ہارن بجانے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم اس نے جرمانہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔

سوالبارد قطب شمالی سے تقریباً 620 میل کے فاصلے پر واقع ہے اور یہاں قطبی ریچھوں کے تحفظ سے متعلق قوانین انتہائی سخت ہیں۔

حکام کے مطابق جنگلی حیات کو بلاوجہ پریشان کرنے سے گریز کرنا ضروری ہے، خاص طور پر ایسے علاقے میں جہاں قطبی ریچھ قدرتی ماحول میں آزادانہ نقل و حرکت کرتے ہیں۔