چین میں ایک ایسا حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں 20 سالہ خاتون 18ویں منزل سے گرنے کے باوجود معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ چین کے شہر جیا شنگ میں پیش آیا، جہاں شیاؤئی نامی خاتون نے بوائے فرینڈ سے جھگڑے کے بعد اپارٹمنٹ بلڈنگ کی 18ویں منزل سے چھلانگ لگا دی۔
خوش قسمتی سے خاتون زمین پر گرنے سے قبل ایک درخت سے ٹکرائی اور بعد میں جھاڑیوں میں جا گری، جس کے باعث اس کی جان بچ گئی۔
واقعے کے بعد خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بتایا کہ اس کے سر، پھیپھڑوں، جگر اور دیگر حصوں کو نقصان پہنچا، جبکہ دونوں ٹانگوں کی ہڈیاں بھی ٹوٹ گئیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق خاتون کے اب تک دو آپریشن کیے جا چکے ہیں، جبکہ تیسرے آپریشن کی تیاری جاری ہے۔
ہوش میں آنے کے بعد شیاؤئی نے بتایا کہ واقعے سے قبل اس کا بوائے فرینڈ سے کئی مرتبہ جھگڑا ہوا تھا اور وہ علیحدگی کے بارے میں سوچ رہی تھی۔
خاتون کے اہل خانہ کے مطابق وہ اب اپنے فیصلے پر پشیمان ہے، جبکہ اسپتال کے اخراجات ایک لاکھ یوآن سے تجاوز کر چکے ہیں۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ خاندان نے خاتون کے بوائے فرینڈ کو ملاقات کی اجازت دینے سے انکار کیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ جذباتی صورتحال سے بچا جا سکے۔









