دنیا کے امیر ترین کاروباری شخصیات میں شمار ہونے والے ایلون مسک سے حیرت انگیز مشابہت رکھنے والے ایک چینی شیف نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی، جس کے بعد ان کے ریسٹورنٹ پر گاہکوں کا غیرمعمولی رش لگ گیا۔
48 سالہ ما جیان پنگ چین کے صوبہ شانسی کے علاقے ٹون چوان میں ایک ریسٹورنٹ چلاتے ہیں۔ شیف بننے سے قبل وہ کئی برس تک الیکٹریشن کے طور پر کام کرتے رہے۔
حال ہی میں ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں وہ گاہکوں کو کھانا پیش کرتے دکھائی دیے۔ ویڈیو دیکھنے والوں نے فوراً ان کی شکل کا موازنہ ایلون مسک سے کرنا شروع کر دیا، جس کے بعد وہ راتوں رات انٹرنیٹ سنسنی بن گئے۔
چینی میڈیا کے مطابق وائرل ویڈیو کے بعد بڑی تعداد میں لوگ صرف ما جیان پنگ کو دیکھنے اور ان سے ملاقات کرنے کے لیے ریسٹورنٹ پہنچنے لگے، جس کے باعث ان کے کاروبار میں نمایاں اضافہ ہوا۔
ما جیان پنگ نے کہا کہ اچانک ملنے والی اس شہرت پر وہ خوش بھی ہیں اور کچھ شرمندگی بھی محسوس کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ریسٹورنٹ کی آمدنی تقریباً دوگنی ہو چکی ہے اور ہر روز نئے لوگ ان سے ملنے آ رہے ہیں۔
ایک گاہک نے دلچسپ انداز میں کہا، "یہ پہلی بار ہے کہ میں ایلون مسک جیسے دکھائی دینے والے شخص سے حقیقی زندگی میں ملا ہوں، اور یہ میرے لیے ایک منفرد تجربہ ہے۔"
ما جیان پنگ نے بتایا کہ کئی افراد نے انہیں مختلف کاروباری منصوبوں اور لائیو اسٹریمنگ کی پیشکش بھی کی، تاہم وہ اس وقت صرف اپنے ریسٹورنٹ پر توجہ دینا چاہتے ہیں اور اسی شعبے میں کام جاری رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین بھی ان کی تصاویر اور ویڈیوز پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں، جبکہ بہت سے لوگ انہیں "چین کا ایلون مسک" قرار دے رہے ہیں۔









