تہران: ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن میں امریکی فوجی اڈے پر کیے گئے میزائل حملے میں متعدد امریکی ایف-35 اسٹیلتھ جنگی طیارے تباہ ہوئے، جبکہ کویت میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹرز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی خبر ایجنسی فارس کے مطابق پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اردن کے ال ازرق ایئربیس پر حملے کے دوران امریکی ایف-35 جنگی طیاروں کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے ایئربیس کے ڈویلپمنٹ ریمپ اور مینٹیننس ہینگر کو نشانہ بنایا، جہاں موجود ایف-35 طیاروں پر متعدد بیلسٹک میزائل داغے گئے۔
پاسداران انقلاب کے مطابق حملے میں 3 ایف-35 طیارے مکمل طور پر تباہ ہوئے، جبکہ مزید 3 جنگی طیاروں کو شدید نقصان پہنچا۔
ایرانی حکام نے ایک اور دعوے میں کہا کہ کویت کے علی السلیم ایئربیس پر حملے کے دوران امریکی فوجی ہیلی کاپٹرز، ڈرون ہینگرز اور ایندھن کے ذخیرے کو بھی نقصان پہنچا۔
پاسداران انقلاب کے مطابق یہ کارروائی ’’آپریشن نصر 2‘‘ کے تحت کی گئی، جس کا مقصد امریکی حملوں کے جواب میں کارروائی کرنا تھا۔
تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے فوری تصدیق نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے کویت اور اردن پر مبینہ ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ملکی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جسیم محمد البداوی نے کہا کہ ایسے حملے خطے کے امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
انہوں نے کویت اور اردن کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔









