کینیڈا کے مغربی صوبے برٹش کولمبیا کے ایک گالف کورس میں دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں ایک بھالو گالف بیگ لے کر فرار ہوگیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ پٹ میڈوز کے علاقے میں قائم گولڈن ایگل گالف کلب میں پیش آیا، جہاں کھیل کے دوران ایک بھالو اچانک میدان میں داخل ہوگیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھالو ایک گالف کارٹ کے قریب پہنچا اور وہاں موجود گالف بیگ اٹھا کر کورس سے باہر کی جانب لے گیا۔
رپورٹس کے مطابق بھالو بیگ کو گھسیٹتے ہوئے کچھ فاصلے پر موجود ایک دوسرے بھالو کے پاس لے گیا۔ بعد ازاں دونوں بھالو بیگ کو وہیں چھوڑ کر آگے کی جانب بھاگ گئے۔
واقعے نے گالف کھیلنے والوں اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی، جہاں لوگ بھالو کی اس غیر معمولی حرکت پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔









