برطانیہ میں ڈیڑھ صدی سے غائب سنہری عقاب ایک بار پھر فضاؤں میں واپس آ سکتے ہیں، کیونکہ حکومت نے ان کی بحالی کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک اہم تحقیق کے بعد فاریسٹری انگلینڈ نے سنہری عقابوں کی واپسی کے منصوبے کے لیے 10 لاکھ پاؤنڈ کی فنڈنگ حاصل کر لی ہے۔
تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ انگلینڈ اب دوبارہ سنہری عقابوں کی آبادی کو سہارا دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور اس مقصد کے لیے شمالی انگلینڈ میں 8 ممکنہ ریکوری زونز کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق سنہری عقابوں کی تعداد میں کمی کی بڑی وجہ ماضی میں کسانوں اور شکاری حلقوں کی جانب سے انہیں خطرہ سمجھنا تھا، تاہم اب جنوبی اسکاٹ لینڈ میں ان کی آبادی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جہاں سے یہ پرندے سرحد عبور کر کے شمالی انگلینڈ تک پہنچ رہے ہیں۔
ماحولیاتی امور کی سیکریٹری ایما رینولڈز کے مطابق حکومت خطرے سے دوچار جنگلی حیات کی بحالی کے لیے پرعزم ہے، اور اس پروگرام کے تحت 6 سے 8 ہفتے کے کم عمر عقابوں کو اگلے سال قدرتی ماحول میں چھوڑنے کا امکان ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ اگلے 10 سال میں شمالی انگلینڈ میں سنہری عقاب باقاعدگی سے دیکھے جا سکیں گے، تاہم ایک مستحکم افزائش نسل کی آبادی قائم ہونے میں طویل وقت لگ سکتا ہے۔









