108

یورپ میں کٹ کیٹ چاکلیٹس سے بھرا ٹرک چوری

یورپ میں ایک حیران کن واقعے میں معروف چاکلیٹ برانڈ کٹ کیٹ کی بڑی کھیپ چوری ہوگئی، جس نے نہ صرف کمپنی بلکہ حکام کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق نیسلے کی ملکیت 12 ٹن چاکلیٹس سے بھرا ٹرک اٹلی سے پولینڈ منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں نامعلوم افراد ٹرک سمیت مکمل کارگو لے کر فرار ہوگئے۔ اس ٹرک میں تقریباً 4 لاکھ 13 ہزار سے زائد چاکلیٹ بارز موجود تھیں۔

کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ چوری ہونے والا ٹرک اور اس میں موجود تمام سامان تاحال لاپتہ ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ یہ چاکلیٹس مختلف یورپی ممالک میں سپلائی کے لیے بھیجی جا رہی تھیں۔

نیسلے کے مطابق ہر چاکلیٹ بار پر ایک مخصوص بیچ کوڈ درج ہوتا ہے، جس کی مدد سے انہیں ٹریس کیا جا سکتا ہے۔ کمپنی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ اگر کسی مشکوک مصنوعات کا سامنا ہو تو فوری اطلاع دیں۔

کمپنی نے اس واقعے کو یورپ میں بڑھتی ہوئی کارگو چوری کی وارداتوں کا حصہ قرار دیا ہے، تاہم واضح کیا گیا ہے کہ اس واقعے سے صارفین کی صحت یا حفاظت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔