77

خلا سے زمین کا راز؟ ناسا نے سمندری تہہ کی تصویری جھلک دکھا دی

کیا آپ جانتے ہیں کہ سائنسدان آج بھی زمین کے سمندروں کی تہہ کے مقابلے میں چاند کی سطح کے بارے میں زیادہ جانتے ہیں؟ مگر اب اس میں بڑی پیشرفت ہونے والی ہے۔

امریکی خلائی ادارے ناسا نے سمندری تہہ کا ایک نیا نقشہ جاری کیا ہے، جو خلا سے جمع کیے گئے ڈیٹا کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔ یہ نقشہ سرفیس واٹر اینڈ اوشین ٹوپوگرافی (SWOT) سیٹلائیٹ کی مدد سے بنایا گیا ہے، جو زمین کے گرد چکر لگاتے ہوئے ہر 21 دن میں 90 فیصد سیارے کو اسکین کر لیتا ہے۔

یہ منصوبہ ناسا اور فرانس کے خلائی ادارے سی این ای ایس کا مشترکہ مشن ہے، جسے دسمبر 2022 میں لانچ کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد رواں دہائی کے اختتام تک تمام سمندری تہہ کا تفصیلی نقشہ تیار کرنا ہے۔

یہ سیٹلائیٹ نہ صرف سمندروں بلکہ جھیلوں اور دریاؤں کی اونچائی کی جانچ بھی کرتا ہے، اور ہمیں سمندری نیوی گیشن، کمیونیکیشن کیبل کی تنصیب، کان کنی، سمندری راستوں کی بہتری اور ممکنہ خطرات کی شناخت میں مدد دے گا۔

ناسا کے مطابق یہ نیا نقشہ سمندری تہہ کے چھپے رازوں کو منظر عام پر لانے اور دنیا کے سمندروں کو بہتر طور پر سمجھنے میں انقلاب ثابت ہو سکتا ہے۔

علم و سائنس کے شوقین افراد کے لیے یہ واقعی دلچسپ خبر ہے