133

جنگل کا خفیہ نیٹ ورک جو درختوں کو جوڑتا ہے، تحقیق

سائنسدانوں نے تازہ تحقیق میں حیران کن انکشاف کیا ہے کہ درخت محض خاموش موجودات نہیں بلکہ وہ ایک دوسرے سے بات چیت کرتے ہیں اور باہمی مدد فراہم کرتے ہیں۔ ماہرین نباتات کے مطابق زمین کے نیچے درختوں کی جڑیں اور فنگس کا ایک پیچیدہ نیٹ ورک جڑا ہوتا ہے، جسے عام طور پر “وڈ وائیڈ ویب” کہا جاتا ہے۔ اس نظام کے ذریعے درخت نہ صرف غذائی اجزاء اور پانی کا تبادلہ کرتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کو خطرات اور دیگر اہم معلومات بھی منتقل کرتے ہیں۔

تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جب کسی درخت پر کیڑوں یا بیماری کا حملہ ہوتا ہے تو وہ اپنے اردگرد موجود دیگر درختوں کو کیمیائی سگنلز کے ذریعے خبردار کرتا ہے، جس سے دیگر درخت پہلے سے اپنے دفاعی نظام کو مضبوط کر لیتے ہیں، جیسے کہ پتوں میں ایسے کیمیکلز پیدا کرنا جو کیڑوں کو دور رکھیں۔

مزید برآں، بڑے اور پرانے درخت چھوٹے پودوں کو خوراک فراہم کر کے ان کی نشوونما میں مدد دیتے ہیں، اور ماہرین اسے “مدر ٹری” کا کردار قرار دیتے ہیں، جہاں ایک بڑا درخت پورے جنگل کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ یہ نیٹ ورک اتنا مضبوط اور مربوط ہے کہ اگر جنگل کا کوئی حصہ کمزور پڑ جائے تو دیگر درخت اپنی توانائی اس حصے کی جانب منتقل کر کے قدرتی توازن قائم رکھتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق جنگلات کے تحفظ کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتی ہے کیونکہ ایک درخت کا نقصان پورے ماحولیاتی نظام پر اثر ڈال سکتا ہے۔ یہ دریافت مستقبل میں ماحولیات اور جنگلات کے تحفظ کے لیے نئی حکمت عملیوں کی بنیاد فراہم کرے گی اور انسانوں کو قدرت کے اس پوشیدہ اور پیچیدہ نظام کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دے گی۔