71

10 سال قبل گم ہونے والا موبائل صحرا سے مل کر بھی صحیح سلامت نکلا

ایریزونا کے علاقے پریسکاٹ میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک دہائی سے زائد عرصے تک صحرا میں پڑا رہنے والا موبائل فون ملنے کے بعد دوبارہ کام کرنے لگا۔

84 سالہ کیٹی الکین نامی خاتون اپنے گھر کے قریب صحرا میں چہل قدمی کر رہی تھیں کہ انہیں ریت میں دبا ایک گرد آلود موبائل فون نظر آیا۔ فون کھلا ہوا تھا اور اس پر ہر طرف ریت جمی ہوئی تھی۔ ابتدا میں انہوں نے سوچا کہ اسے پڑوس کے ایک نوجوان کو دے دیں جو پرانی الیکٹرانک اشیا جمع کرنے کا شوق رکھتا ہے، تاہم تجسس کے باعث وہ فون اپنے گھر لے آئیں۔

گھر پہنچ کر انہوں نے پرانے چارجرز تلاش کیے اور ایک چارجر فون میں فِٹ ہو گیا۔ حیرت انگیز طور پر فون چارج ہونا شروع ہو گیا۔ کچھ دیر بعد جب فون آن کیا گیا تو وہ مکمل طور پر فعال تھا۔

کیٹی نے فون میں موجود پیغامات اور کانٹیکٹس کی مدد سے مالک کا سراغ لگانے کی کوشش کی۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ فون کی مالک میڈی نامی خاتون ہے جو ایک کیفے میں کام کرتی ہے اور ہائیکنگ کا شوق رکھتی ہے، جبکہ اس کا خاندان شکاگو میں مقیم ہے۔ فون میں موجود ایک نمبر کے ذریعے کیٹی نے میڈی کے والد سے رابطہ کیا اور چند دنوں کی کوشش کے بعد میڈی سے بات کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔

میڈی یہ جان کر حیران رہ گئیں کہ ان کا وہ فون جو 2015 میں صحرا میں ہائیکنگ کے دوران گم ہو گیا تھا، اب دوبارہ مل چکا ہے۔ سخت گرمی، ریت اور موسمی حالات کے باوجود فون کا محفوظ رہنا اور دوبارہ کام کرنا ایک غیر معمولی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔