تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں پولیس نے ایک مطلوب ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے منفرد طریقہ اختیار کیا جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔ حکام کے مطابق 33 سالہ ملزم کو نئے قمری سال کے میلے کے دوران حراست میں لیا گیا، جہاں وہ عام شہریوں کے درمیان موجود تھا۔
پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی منصوبہ بندی کی اور افسران سرخ اور سنہری رنگ کے شیر کے کاسٹیوم پہن کر میلے میں پہنچ گئے۔ جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اہلکار رقص کرتے ہوئے ملزم کے قریب آئے اور اچانک اسے زمین پر گرا کر ہتھکڑی لگا دی۔
حکام کے مطابق ملزم اس سے قبل ایک مقامی پولیس کمانڈر کے گھر میں تین بار واردات کر چکا تھا اور تقریباً 20 لاکھ بھات مالیت کا سامان چوری کر کے فرار ہو گیا تھا۔ متعدد کوششوں کے باوجود وہ گرفتاری سے بچ نکلتا رہا۔
تحقیقات کے دوران چوری شدہ تعویذوں کی فروخت کا سراغ لگا کر ملزم کی شناخت کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اکثر نونتھابوری کے مندروں میں آتا جاتا تھا۔ دورانِ تفتیش اس نے اعتراف کیا کہ وہ منشیات کی خریداری اور جوا کھیلنے کے لیے چوریاں کرتا تھا۔









