بھارت میں چند نوجوانوں کی جانب سے کیے گئے ایک منفرد اور مزاحیہ تجربے نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے، جس میں ایک روبوٹ کو سڑک پر بھیک مانگتے ہوئے دکھایا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، نوجوانوں نے خود تیار کردہ روبوٹ کو ایک عوامی مقام پر کھڑا کیا اور اس کی پروگرامنگ کے ذریعے اسے راہگیروں سے مخصوص جملوں کے ساتھ بھیک مانگنے کا ٹاسک دیا۔
جب سڑک پر ایک روبوٹ کو اس انداز میں دیکھ کر لوگ حیران ہوئے، تو کئی افراد نے اس دلچسپ منظر کو اپنے موبائل فون کیمروں میں محفوظ کر لیا۔ وائرل ویڈیو میں روبوٹ کو راہگیروں کے قریب جا کر مخصوص انداز میں گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس پر کچھ لوگ مسکراتے ہیں جبکہ دیگر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو پر دلچسپ اور طنزیہ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔ ایک صارف نے کہا، "انسانوں کی بے روزگاری کے بعد اب روبوٹ کی بے روزگاری کا تجربہ بھی شروع ہو گیا ہے"، جبکہ دیگر نے اس تجربے کو ٹیکنالوجی اور معاشرتی مسائل پر طنزیہ عکاسی قرار دیا۔









