سعودی عرب نے مملکت میں موجود لاکھوں اونٹوں کو باقاعدہ پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد قیمتی اونٹوں کے ریوڑوں کا بہتر انتظام، نگرانی اور ریکارڈ مرتب کرنا ہے۔
سعودی وزارتِ ماحولیات، پانی اور زراعت کے مطابق اس منصوبے سے اونٹوں کے شعبے میں پیداواری صلاحیت اور مجموعی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام کے تحت اونٹوں سے متعلق ایک جامع اور قابلِ اعتماد ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا، جس سے افزائش، ملکیت اور نقل و حرکت پر نظر رکھنا آسان ہو جائے گا۔
وزارتِ ماحولیات نے اونٹوں کے پاسپورٹ کی تصویر بھی جاری کی ہے۔ جاری کردہ پاسپورٹ سبز رنگ کا ہے، جس پر سعودی عرب کا قومی نشان اور سنہری رنگ میں اونٹ کی تصویر نمایاں طور پر درج ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 میں سعودی عرب میں اونٹوں کی تعداد تقریباً 22 لاکھ تھی۔ اونٹ صدیوں سے عرب دنیا میں سفر اور نقل و حمل کا اہم ذریعہ رہے ہیں اور آج بھی انہیں وقار، روایت اور سماجی حیثیت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام نہ صرف ثقافتی ورثے کے تحفظ میں مدد دے گا بلکہ اونٹوں سے وابستہ معیشت کو بھی منظم اور مضبوط بنانے کا باعث بنے گا۔









