46

شرارتی بچے کی ناک میں تالا پھنس گیا، فائر فائٹرز نے کاٹ کر نکالا: واقعے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

چین کے صوبے ہونان کے شہر ہوائیہوا میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ایک بچے نے اپنی ناک میں کمبینیشن پیڈ لاک لگا لیا۔ تالا لگنے کے بعد وہ بری طرح ناک میں پھنس گیا، جس کے باعث بچے کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔

ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ بچے نے ناک میں تالا کیسے ڈالا، تاہم مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر اس نے ایک مشہور کردار ’’بل ڈیمون کنگ‘‘ کی طرح دکھنے کی کوشش میں ایسا کیا۔ تالا پھنسنے کے بعد بچے کی حالت ایسی ہو گئی جیسے بیل کی ناک میں نکیل ڈال دی گئی ہو۔

تالا نکالنے کی متعدد کوششیں کی گئیں، تاہم ناکامی کے بعد بچے نے اپنے والدین کو مدد کے لیے بلایا۔ والدین نے بھی تالا نکالنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔

بالآخر والدین نے مقامی فائر ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کیا۔ فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر تالے کا معائنہ کیا اور فیصلہ کیا کہ زور لگانے یا کھینچنے سے بچے کو مزید تکلیف پہنچ سکتی ہے اور ناک کی درمیانی ہڈی کو نقصان کا خدشہ ہے۔

فائر فائٹرز نے احتیاط سے تالے کو کاٹنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد بچے کو بغیر کسی سنگین چوٹ کے ناک میں پھنسے تالے سے نجات دلائی گئی۔ واقعے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہیں۔