برازیلیا: چڑیا گھر کے حکام نے بتایا ہے کہ شدید گرمی کے دوران جانوروں کو ان کی ضروریات کے مطابق برف سے تیار شدہ خوراک فراہم کی گئی۔ اس خوراک میں تیندوے، بندر اور دیگر جانور شامل تھے۔ کچھ جانوروں کو جمے ہوئے پھل دیے گئے جبکہ دیگر کو خون کے آمیزش کے ساتھ جمی ہوئی خوراک فراہم کی گئی۔
حکام کے مطابق بندروں کے ایک گروہ کو تربوز کے پاپسیکلز دیے گئے، جبکہ ایک تیندوا اپنے پانی کے ٹینک میں تیرتے ہوئے چکن کے پاپسیکلز نکالنے کی کوشش کرتا رہا۔
چڑیا گھر کی حیاتیات دان لیٹیزیا فیٹوزا نے کہا کہ جب تیندوا جمی ہوئی خوراک نکالنے کی کوشش کرتا ہے تو وہ پانی بھی پی لیتا ہے، جو اس کی ہائیڈریشن کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
چڑیا گھر کے حکام نے مزید کہا کہ یہ جمی ہوئی خوراک جانوروں کی دیکھ بھال کے معمول کا حصہ ہے اور شدید گرمی کے دوران ان کا درجہ حرارت کم رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ گزشتہ سال بھی برازیل کے جنوب مشرقی حصے میں شدید گرمی کی لہر کے دوران اسی طرح کے اقدامات کیے گئے تھے تاکہ جانور محفوظ اور صحت مند رہیں۔









