58

انگلیوں کی لمبائی اور شخصیت کے چھپے راز، نئی تحقیق نے سب بے نقاب کر دیا

ہاتھوں کی لکیریں قسمت کا حال بتاتی ہیں یا نہیں، یہ تو واضح نہیں، مگر ماہرین کے مطابق مردوں کی انگلیوں کی لمبائی ان کی شخصیت، رویے اور حتیٰ کہ صحت کے بارے میں بھی کئی راز کھول سکتی ہے۔

اگر آپ اپنے دائیں ہاتھ کو دیکھیں اور پائیں کہ شہادت کی انگلی (Index Finger) انگوٹھی پہننے والی انگلی (Ring Finger) سے چھوٹی ہے تو اس فرق کا تعلق محض اتفاق نہیں بلکہ اس کے پیچھے سائنسی وجوہات بتائی جاتی ہیں۔

خواتین کے ساتھ بہتر رویہ

کچھ سال قبل جریدے Personality and Individual Differences میں شائع تحقیق کے مطابق، جن مردوں کی شہادت کی انگلی چوتھی انگلی کے مقابلے میں چھوٹی ہوتی ہے، وہ خواتین کے ساتھ زیادہ مثبت اور خوش اخلاق رویہ اختیار کرتے ہیں۔

تحقیق میں 78 مردوں اور 77 خواتین کو شامل کیا گیا، جن سے مختلف سوالنامے بھروائے گئے۔ نتائج کے مطابق چھوٹی شہادت کی انگلی رکھنے والے مردوں نے صنف مخالف کے بارے میں زیادہ اچھا رویہ ظاہر کیا۔

زیادہ پرکشش چہرہ

ایک اور تحقیق، جو Proceedings of the Royal Society B میں شائع ہوئی، کے مطابق ایسے مرد زیادہ پرکشش چہروں کے مالک ہوتے ہیں جن کی شہادت کی انگلی، انگوٹھی والی انگلی سے چھوٹی ہو۔

ماہرین کے مطابق ماں کے پیٹ میں موجود ہارمونز نہ صرف انگلیوں کی لمبائی بلکہ چہرے کی ساخت اور کشش پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔

صحت سے جڑا خطرہ

اگرچہ چھوٹی شہادت کی انگلی کے کئی فوائد بتائے جاتے ہیں، مگر برٹش جرنل آف کینسر میں شائع ایک تحقیق میں اس سے جڑا ایک ممکنہ خطرہ بھی سامنے آیا۔

اس تحقیق میں 15 سال کے دوران ڈیڑھ ہزار کینسر کے مریضوں اور 3 ہزار صحت مند مردوں کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج کے مطابق جن مردوں کی شہادت کی انگلی، انگوٹھی والی انگلی سے لمبی ہوتی ہے، ان میں مثانے کے کینسر کا خطرہ 33 فیصد تک کم پایا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تمام عوامل پیدائش سے قبل ہارمونز کے اثرات کا نتیجہ ہو سکتے ہیں، تاہم انگلیوں کی لمبائی کو حتمی تشخیص یا پیشگوئی کا ذریعہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔