اسکاٹ لینڈ کے اورکنی جزائر میں دنیا کی سب سے چھوٹی شیڈولڈ مسافر پرواز آپریٹ کی جاتی ہے، جو روزانہ ویسٹری اور پاپا ویسٹری کے درمیان سفر کرتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس منفرد پرواز کا فاصلہ محض 1.7 میل ہے، جسے عام حالات میں صرف 53 سیکنڈ میں مکمل کر لیا جاتا ہے، جبکہ سرکاری طور پر اس روٹ کے لیے 90 سیکنڈ کا وقت مقرر ہے۔
یہ مختصر ترین فضائی سفر لوگن ایئر کی جانب سے برٹن نارمن بی این-2 آئی لینڈر طیارے کے ذریعے چلایا جاتا ہے، جو کم فاصلے، محدود رن ویز اور مشکل موسمی حالات میں پرواز کے لیے خاص طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیز ہوائیں اکثر پرواز کے وقت کو ایک منٹ سے بھی کم کر دیتی ہیں، جس کی وجہ سے یہ فضائی سروس فیری کے مقابلے میں زیادہ تیز اور قابلِ اعتماد ثابت ہوتی ہے۔ خراب موسمی حالات میں فیری سروس اکثر تاخیر کا شکار ہو جاتی ہے یا مکمل طور پر منسوخ کر دی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق دونوں جزیروں کے درمیان پل تعمیر کرنا عملی طور پر ممکن نہیں، کیونکہ اس پر بھاری لاگت آئے گی، موسم نہایت سخت رہتا ہے اور دونوں جزیروں کی مجموعی آبادی صرف تقریباً 600 افراد پر مشتمل ہے۔
یہ منفرد پرواز آج بھی دنیا بھر میں مختصر ترین تجارتی فضائی سفر کے طور پر جانی جاتی ہے اور سیاحوں کے لیے بھی خاص دلچسپی کا باعث بنی ہوئی ہے۔









