ٹک ٹاک نے سال 2025 کے اختتام پر پاکستان میں سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے موضوعات کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جو اس بات کی واضح عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستانی صارفین کی دلچسپیاں اس سال کتنی متنوع اور وسیع رہیں۔
یہ ڈیٹا اس امر کو بھی ظاہر کرتا ہے کہ ٹک ٹاک اب محض تفریحی ویڈیوز تک محدود پلیٹ فارم نہیں رہا بلکہ معلومات، رہنمائی اور روزمرہ فیصلوں میں معاون ایک مؤثر سرچ ٹول بن چکا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی صارفین نے سفر، کھانوں، کھیلوں، ٹی وی شوز، موسیقی، مشہور شخصیات اور عملی نوعیت کی تلاشوں میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی۔ لوگ کسی مقام پر جانے سے قبل وہاں کے مناظر، راستوں اور دیگر افراد کے تجربات جاننے کے لیے ٹک ٹاک سرچ استعمال کرتے رہے، جبکہ کھانے پینے کے شوقین افراد نئی ڈشز اور فوڈ ٹرینڈز سے باخبر رہنے کے لیے اسی پلیٹ فارم پر انحصار کرتے دکھائی دئیے۔
کھیلوں کے شعبے میں کرکٹ اور دیگر بڑے مقابلے سرچ کے نمایاں موضوعات رہے۔ بابر اعظم کی کارکردگی ہو یا پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج میچ، صارفین نے لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹس، تجزیے اور عوامی ردِعمل جاننے کے لیے ٹک ٹاک کا سہارا لیا۔ اس کے ساتھ ساتھ تفریحی شوز، ڈرامے اور ایوارڈ تقریبات بھی عوامی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
ٹک ٹاک کے جنوبی ایشیا میں کانٹینٹ آپریشنز لیڈ عمیس نوید کے مطابق پاکستان میں ٹک ٹاک سرچ روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنتی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صارفین اب صرف ویڈیوز دیکھنے تک محدود نہیں رہے بلکہ حقیقی وقت میں معلومات، سفارشات اور مقامی تناظر کے ساتھ رہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔
چاہے ویک اینڈ ٹرپ کی منصوبہ بندی ہو، خریداری سے قبل کسی پروڈکٹ کا جائزہ لینا ہو یا کچھ نیا سیکھنا ہو، ٹک ٹاک پاکستانی صارفین کے فیصلوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اعداد و شمار سے یہ بھی سامنے آیا کہ مخصوص کنٹینٹ ٹیگز کی تلاش میں نمایاں اضافہ ہوا، خصوصاً فوڈ اور ٹریول جیسے ٹیگز اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ صارفین تجربات اور ذائقوں سے جڑے مواد کو ترجیح دے رہے ہیں۔
سال 2025 میں سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے مقامات میں دریائے چناب، لاہور، اسلام آباد، قلعہ التیت اور کراچی شامل رہے۔
خبروں اور اہم لمحات کے حوالے سے پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ، نادیہ مری سوہنٹری سوانی، سیلاب اور پاکستان بمقابلہ بھارت سب سے زیادہ سرچ کیے گئے موضوعات رہے۔
ٹی وی شوز میں میں منٹو نہیں ہوں، ہم ایوارڈز، تماشا اور ترک سیریز کو نمایاں دلچسپی حاصل رہی۔
موسیقی کے شعبے میں پل پل، جھول، رانجھیا وے اور جے پتا ہوندا سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے ٹریکس میں شامل رہے۔
کھانوں کے حوالے سے بریانی، لاوا برگر، دبئی چاکلیٹ اور ماچا ڈرنک نے صارفین کی توجہ حاصل کی۔
کھیلوں میں سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے کھلاڑیوں میں حارث رئوف، بابر اعظم، ابھیشک شرما، مچل اسٹارک اور ویرات کوہلی شامل ہیں۔
موسیقاروں میں طلحہ انجم، نمرہ مہرہ، حاوی، حسن رحیم اور علی ظفر سب سے زیادہ سرچ کیے گئے، جبکہ کری ایٹرز میں جنت مرزا، حضر عمر، صدمیر ریپر، علینہ عامر نمایاں رہے۔
شوبز ستاروں میں فہد مصطفی، عمران اشرف، ماہرہ خان اور کنزہ ہاشمی کو سب سے زیادہ تلاش کیا گیا۔
سال کے نمایاں رجحانات میں اے آئی کا استعمال، پروڈکٹ ریویوز، مہندی کے ڈیزائن اور بلیوں پر مبنی مزاحیہ ویڈیوز شامل رہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی صارفین ٹک ٹاک کو معلومات، تفریح اور رجحانات جاننے کے لیے بھرپور انداز میں استعمال کر رہے ہیں۔









