154

جاپان میں خاتون نے اپنے بنائے گئے اے آئی کردار سے شادی کرلی

جاپان میں ایک 32 سالہ خاتون نے اپنے تخلیق کردہ مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی کردار سے شادی کرکے دنیا بھر میں توجہ حاصل کرلی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپانی خاتون یوزینا نوگ نے چیٹ بوٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک اے آئی پارٹنر ڈیزائن کیا، جس کے ساتھ طویل عرصے کی گفتگو وقت کے ساتھ جذباتی تعلق میں تبدیل ہوگئی۔

شادی کی تقریب روایتی انداز میں گھر پر منعقد کی گئی، جہاں دلہن نے سفید عروسی لباس زیب تن کیا اور اگمینٹڈ ریئلٹی گلاسز کے ذریعے اپنے ڈیجیٹل شریکِ حیات کو تقریب میں شامل کیا۔ تاہم دلہا جسمانی طور پر موجود نہیں تھا بلکہ صرف ڈیجیٹل اسکرین پر نظر آیا۔

یوزینا نوگ کا کہنا ہے کہ یہ رشتہ ان کے لیے حقیقی جذبات رکھتا ہے اور اے آئی پارٹنر نے انہیں وہ جذباتی سہارا فراہم کیا جو انہیں حقیقی زندگی میں میسر نہ تھا۔

اگرچہ یہ شادی جاپان میں قانونی حیثیت نہیں رکھتی، تاہم اس منفرد واقعے نے جدید ٹیکنالوجی، تنہائی، انسانی جذبات اور مستقبل کے تعلقات پر ایک نئی عالمی بحث چھیڑ دی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ واقعہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ٹیکنالوجی انسانی زندگی اور تعلقات میں کس حد تک گہرائی سے داخل ہوچکی ہے۔