گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ #ThankYouJinnah تیزی سے ٹرینڈ کر رہا ہے، جس میں صارفین پاکستان کے قیام اور آزادی کی قدر کو اجاگر کرتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
صارفین نے مختلف پلیٹ فارمز پر جذباتی پیغامات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ آج کے حالات میں آزادی کی اصل اہمیت کا احساس ہو رہا ہے، اور اسی وجہ سے وہ قائداعظم کی جدوجہد کو یاد کر رہے ہیں۔ انسٹاگرام اور ایکس پر صارفین نے لکھا: “Thank you Jinnah for giving us Pakistan”، جو اس ٹرینڈ کا حصہ بن چکا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ٹرینڈ کے پیچھے اصل وجہ بھارت میں گزشتہ روز پیش آنے والا واقعہ ہے، جس میں بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار نے اپوائنمنٹ لیٹر دینے کی تقریب میں ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچ لیا۔ یہ واقعہ نہ صرف بھارت بلکہ عالمی سطح پر شدید تنقید کی زد میں آیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعے کے جواب میں پاکستانی شناخت اور آزادی کی قدر کو اجاگر کرنے کے لیے قائداعظم کے حوالے سے پیغامات وائرل کیے، جس سے ہیش ٹیگ #ThankYouJinnah تیزی سے ٹرینڈ کرنے لگا۔









