118

وقت سے پہلے دفتر پہنچنے پر خاتون ملازمہ برطرف

سپین کے شہر الیکانٹے میں ایک خاتون ملازمہ کو روزانہ مقررہ وقت سے بہت پہلے دفتر آنے پر کمپنی نے ملازمت سے برطرف کر دیا، جس کے بعد خاتون نے اس اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کیا۔

رپورٹ کے مطابق ملازمہ کی عادت تھی کہ وہ صبح 6:45 سے 7:00 بجے کے درمیان دفتر پہنچ جاتی تھیں، حالانکہ ان کے معاہدے کے مطابق کام کا آغاز 7:30 بجے ہونا تھا۔ وہ اپنے ساتھی ملازمین سے پہلے کام شروع کر دیتی تھیں، جسے کمپنی کے مالک نے غیر مناسب قرار دیا۔

2023 میں انہیں پہلی بار اس رویے پر وارننگ دی گئی، تاہم خاتون نے وقت سے بہت پہلے کام پر پہنچنے کا معمول جاری رکھا۔ رواں سال کے آغاز میں کمپنی نے انہیں سنگین بدانتظامی کے الزام میں برطرف کردیا۔

کمپنی کے مطابق ملازمہ کے پاس وقت سے پہلے پہنچنے کے باعث کام موجود نہیں ہوتا تھا اور ان کا عمل کمپنی کے نظم و ضبط پر منفی اثر ڈال رہا تھا۔ برطرفی کے بعد خاتون نے الیکانٹے کی سوشل کورٹ میں اپیل دائر کی۔

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ملازمہ نے متعدد تنبیہات کو نظر انداز کیا اور ان کا رویہ ملازم اور آجر کے درمیان اعتماد کے تعلقات کو متاثر کر رہا تھا۔ عدالت نے اس صورتحال کو کافی سنگین قرار دیتے ہوئے برطرفی کو جائز قرار دے دیا۔