چین کے مشرقی شہر نِنگبو میں شادیوں کی کم ہوتی شرح کو بڑھانے کے لیے حکومت نے ایک بار پھر اقدامات کیے ہیں۔ شہری جوڑے جو 28 اکتوبر سے 31 دسمبر کے درمیان شادی رجسٹر کریں گے، انہیں شادی کے اخراجات کے لیے کیش واؤچرز دیے جائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ اقدام نوجوانوں کو شادی اور بچوں کی پیدائش کی طرف راغب کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ گزشتہ سال چین میں شادیوں کی تعداد میں 20 فیصد کمی واقع ہوئی تھی، جو اب تک کی سب سے بڑی سالانہ کمی ہے۔ شادی اور خاندان شروع کرنے میں کم دلچسپی کے پیچھے بچوں کی پرورش اور تعلیم کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے۔
سول افیئرز ڈپارٹمنٹ نے اپنی آفیشل وی چیٹ پوسٹ میں بتایا کہ نئے شادی شدہ جوڑے 1,000 یوآن (تقریباً 40 ہزار پاکستانی روپے) مالیت کے واؤچرز حاصل کر سکتے ہیں۔ واؤچرز کی تعداد محدود ہے اور یہ پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر فراہم کیے جائیں گے۔
چینی حکام کے لیے شادی اور بچوں کی پیدائش میں دلچسپی بڑھانا اہم ہے کیونکہ چین کی آبادی 1.4 ارب ہے لیکن تیزی سے بڑھتی عمر کے باعث یہ معاشرتی اور اقتصادی چیلنج بن چکا ہے۔









