85

آسٹریلیا میں 109 سال بعد جنگِ عظیم اول کا پیغام ساحل پر آ گیا

آسٹریلیا کے ساحل پر صفائی کے دوران ایک صدی سے زائد پرانی بوتل دریافت ہوئی ہے، جس میں 1916 کے دو سپاہیوں کے خطوط موجود تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بوتل ڈیبرا براؤن اور ان کے خاندان کو وارٹن بیچ پر ملی، جہاں وہ ساحل کی صفائی میں مصروف تھے۔ بوتل کھولنے پر اس میں دو سپاہیوں، میلکم الیگزینڈر نیویل اور ولیم کرک ہارلے کے خطوط ملے، جو پہلی جنگِ عظیم میں شریک تھے۔

میلکم نیویل کے خط سے معلوم ہوا کہ وہ جنوبی آسٹریلیا کے علاقے ولکاواٹ سے تعلق رکھتے تھے۔ ڈیبرا براؤن نے سوشل میڈیا کے ذریعے ان کے رشتے دار ہربی نیویل سے رابطہ کیا، جنہوں نے بتایا کہ وہ اپنے خاندان سے میلکم کی کہانیاں پہلے بھی سن چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق میلکم نیویل یہ پیغام لکھنے کے چند ماہ بعد فرانس میں لڑتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دریافت نہ صرف تاریخی اہمیت رکھتی ہے بلکہ جنگ کے دوران سپاہیوں کے جذبات اور ان کی امیدوں کی ایک نادر جھلک پیش کرتی ہے۔