بالی وڈ اداکارہ اننیا پانڈے نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد اداکار چنکی پانڈے کئی عرصے تک کام نہ ہونے کے سبب گھر بیٹھے رہے۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران اداکارہ اننیا پانڈے نے والد چنکی پانڈے کے کیرئیر کے مشکل دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ’ میں ایک ایسے دور میں پیدا ہوئی جب والد کا کیرئیر زوال کا شکار تھا، والد کے کیرئیر کے اتار چڑھاؤ نے مجھے کامیابی اور ناکامی سے متعلق بہت کچھ سیکھنے میں مدد کی، انہیں کبھی چیٹ شو ’ کافی ود کرن ‘ میں بھی مدعو نہیں کیا گیا۔
اننیا نے بتایا کہ والد چنکی پانڈے میری پیدائش سے قبل ایک بڑے اداکار تھے لیکن میری پیدائش کے بعد انہوں نے مختلف کردار نبھائے، ایک طویل وقت ایسا بھی تھا جب والد کے پاس کوئی کام نہ تھا اور میں نے انہیں گھر میں بیٹھا دیکھا۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ بچپن میں والد کے ساتھ ایک یا دوبار سیٹ پر گئی ہوں کیوں کہ اس وقت والد کے پاس کرنے کے لیے بہت سے کام نہیں تھے، لوگ ان کو دیکھنے کے لیے ہمارے گھر کے باہر نہیں آتے تھے۔
چنکی پانڈے کے کیرئیر سے سیکھے گئے سبق کے سوال پر اننیا نے کہا کہ ’میں ان کی تبدیلی کو اپنانے کے رویے سے متاثر ہوں، انہوں نے ہر طرح کے مرکزی، چھوٹے اور منفی کردار کیے جومیرے نزدیک خوبصورت چیز ہے۔