5

چیٹ جی پی ٹی کمپنی کا گوگل کروم کے مقابلے میں ویب براؤزر تیار کرنے کا فیصلہ

اوپن اے آئی وہ کمپنی ہے جس نے چیٹ جی پی ٹی جیسا مقبول چیٹ بوٹ متعارف کرایا تھا۔

اب یہ کمپنی گوگل کے بزنس کے ایک اہم پہلو کو ہدف بنانے پر غور کر رہی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی کی جانب سے کروم کے مقابلے پر ایک ویب براؤزر تیار کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

دی انفارمیشن کی ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ چیٹ جی پی ٹی پر مبنی ویب براؤزر ہوگا۔

یہ براؤزر دیکھنے میں کیسا ہوگا، اس بارے میں ابھی تفصیلات موجود نہیں کیونکہ ابھی اس پر کام ابتدائی مراحل پر ہے۔

رپورٹ کے مطابق کمپنی اپنے ویب براؤزر کی تیاری کے حوالے سے بہت سنجیدہ ہے۔

اس مقصد کے لیے اوپن اے آئی نے ایسے 2 افراد کی خدمات حاصل کی ہیں جو گوگل کے لیے کروم کی تیاری پر بھی کام کرچکے ہیں۔

یہ کمپنی اس سے قبل اپنا سرچ انجن بھی تیار کرچکی ہے۔

سرچ جی پی ٹی نامی سرچ انجن کو بھی گوگل سرچ انجن کے مقابلے پر تیار کیا گیا ہے۔

اوپن اے آئی کی جانب سے اس سرچ انجن کی تیاری کا اعلان مئی 2024 میں کیا گیا تھا اور نومبر 2024 میں اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی اس سرچ انجن کو صارفین کے لیے جاری کیا گیا۔

فی الحال یہ سرچ انجن چیٹ جی پی ٹی کے ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کو دستیاب ہے۔

چیٹ جی پی ٹی کو مفت استعمال کرنے والے صارفین کے لیے یہ سرچ انجن آئندہ چند ماہ میں دستیاب ہوگا۔