7

2024 میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے پاس ورڈز کی فہرست جاری

اس وقت دنیا بھر میں اربوں افراد انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں اور اس کا مطلب ہے کہ وہ ای میل، سوشل میڈیا اکاؤنٹس یا دیگر کے لیے پاس ورڈز بھی منتخب کرتے ہوں گے۔

مگر حیران کن طور پر اب بھی زیادہ تر افراد ایسے پاس ورڈز استعمال کرتے ہیں جن کا اندازہ بچے بھی لگا سکتے ہیں۔

جی ہاں واقعی سائبر سکیورٹی ماہرین کی جانب سے 2024 کے مقبول ترین یا بدترین پاس ورڈز کی فہرست جاری کی گئی ہے جو دنگ کر دینے والی ہے۔

NordPass نامی کمپنی کی جانب سے یہ فہرست جاری کی گئی ہے۔

اس کے لیے کمپنی کی جانب سے عوامی طور پر دستیاب 2.5 ٹی بی ڈیٹا میں موجود لیک پاس ورڈز کی فہرست کا تجزیہ کیا گیا۔

اس فہرست کے مطابق 123456 وہ پاس ورڈ ہے جو سب سے زیادہ مقبول ہے۔

اگر یہ آپ کا بھی پسندیدہ پاس ورڈ ہے تو جان لیں کہ عرصے سے ہر سال ہی کسی نہ کسی کمپنی کی فہرست میں یہ مقبول ترین/ بدترین پاس ورڈ کا 'اعزاز' اپنے نام کررہا ہے۔

درحقیقت یہ گزشتہ 6 سال کے دوران 5 ویں بار ہے جب یہ پاس ورڈ اس کمپنی کی فہرست میں ٹاپ پر رہا ہے۔

اسی طرح 123456789 دوسرے جبکہ 12345678 تیسرے نمبر پر رہا۔

چوتھے نمبر پر password رہا جبکہ qwerty123 کو 5 ویں نمبر پر رکھا گیا۔

qwerty1 اور 111111 کے حصے میں بالترتب چھٹا اور 7 واں نمبر آیا۔

12345 کے حصے میں 8 واں نمبر آیا جبکہ secret اور 123123 بالترتیب 9 ویں اور 10 ویں نمبر پر رہے۔

1234567890 کے حصے میں 11 واں نمبر آیا جس کے بعد 1234567 اور 000000 بالترتیب 12 ویں اور 13 ویں نمبر پر رہے۔

qwerty اور abc123 بالترتیب 14 ویں سے 15 ویں نمبر کے بدترین پاس ورڈز قرار پائے۔

password1، iloveyou، 11111111، dragon اور monkey کے حصے میں بالترتیب 16 ویں سے 20 واں نمبر آیا۔

کمپنی نے بتایا کہ ٹاپ 20 میں شامل 18 پاس ورڈز ایسے ہیں جن کو ہیک کرنے میں ایک سیکنڈ کا وقت درکار ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ ہر آن لائن اکاؤنٹ کے لیے الگ پاس ورڈ ہونا چاہیے اور کوشش ہونی چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ مشکل ہو۔

ویسے تو ٹیکنالوجی کمپنیاں پاس ورڈ کے متبادل پر کافی کام کررہی ہیں مگر ایسی ٹیکنالوجیز کی دستیابی کے لیے ابھی کچھ عرصہ درکار ہے۔