9

بالی وڈ اداکارہ فاطمہ ثنا کا خطرناک بیماری میں مبتلا رہنے کا انکشاف

بالی وڈ کی کامیاب فلم ’دنگل‘ کی اداکارہ فاطمہ ثنا نے مرگی میں مبتلا رہنے  کا انکشاف کیا ہے۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران فاطمہ ثنا نے انکشاف کیا کہ’مجھے  فلم دنگل کے دوران مرگی کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد  میں اتنی خوفزدہ ہوگئی کہ میں نے  تقریبات میں جانا چھوڑ دیا‘۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران فاطمہ ثنا  نے اپنے مرض کو قبول کرنے کے لیے کی گئی جدوجہد پر بات کرتے ہوئے کہا ’میں اس مرض کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں تھی لہٰذا میں نے  اس کیلئے علاج بھی نہیں کروایا، مجھے ڈر تھا کہ کہیں لوگوں کو اسکا پتہ نہ لگ جائے کیوں کہ مرگی کے مریضوں کیلئے سوچا جاتا ہے کہ آپ یا تو منشیات لے رہے ہیں یا پھر  توجہ حاصل کرنے کیلئے یہ سب کررہے ہیں‘۔

 فاطمہ ثنا نے  اپنی بیماری کے حوالے سے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ’ مجھے  ہفتے میں ایک یا دو مرتبہ  دورے پڑتے تھے جس کی وجہ سے میں تقریبات میں  نہیں جاتی تھی، زیادہ روشنی مرگی کے مریضوں میں دورے پڑنے کا سبب بن سکتی ہے لیکن ایسا ہر بار ضروری نہیں مگر میں اتنی خوفزدہ تھی کہ  میں نے تقریبات اور اسکریننگ میں جانا چھوڑ دیا‘۔

اداکار ہ نے مزید بتایا کہ’ میں نے اپنی بیماری کا ذکر پاپارازی سے کیا اور پھر انہوں نے  میری تصاویر بغیر فلیش لینا شروع کیں تاہم  اس سب کے باوجود میں اپنی روٹین بہت اچھے سے مینیج کرتی رہی‘۔

واضح رہے کہ فاطمہ ثنا شیخ دنگل کے بعد عامر خان کے ساتھ گہرے تعلقات  کے باعث خبروں کی زینت بنی رہی تھیں تاہم   اداکارہ کو آخری  مرتبہ فلم  ’سیم بہادر‘میں دیکھا گیا تھا جس کے بعد اب وہ اپنی آنے والی فلم  ’ میٹرو ان ڈینو  ‘ میں  اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔