بالی ووڈ کے معروف ایکشن ہیرو اجے دیوگن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران بینائی سے محروم ہوگئے تھے۔
اجے دیوگن حال ہی میں ریئلٹی شو بگ باس میں شریک ہوئے جہاں سلمان خان نے انکشاف کیا کہ اپنی ایکشن فلم "سنگھم اگین" کی شوٹنگ کے دوران اجے ایک ایکشن سین فلماتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئے تھے،ایکشن سین میں ایک کردار سے لڑائی کے دوران غلط ٹائمنگ کے باعث لکڑی اجے کی آنکھ میں جالگی تھی جس کی وجہ سے وہ تقریباً 2 سے 3 ماہ کےلیے بینائی کھو بیٹھے تھے۔
سلمان خان کا کہنا تھا کہ ایکشن فلم کی شوٹنگ میں ایسا ہوتا رہتا ہے جبکہ آج کل کے اداکاروں کو بہت سی سہولیات مل گئی ہیں جو ماضی میں میسر نہیں تھیں۔
اجے دیوگن نے بتایا کہ وہ روہت شیٹھی کی ایکشن فلم "سنگھم اگین"میں اس قدر بری طرح زخمی ہوئے کہ انہیں آنکھ کی سرجری بھی کروانا پڑی اور وہ کئی دنوں تک تکلیف میں رہے، تاہم اب وہ بہتر ہیں اور جلد فلم میں اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔
واضح رہے کہ "سنگھم اگین" سپر ہٹ فرنچائز کی تیسری قسط ہے،پہلی فلم" سنگھم" 2011 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں کاجل اگروال اور پرکاش راج نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، اس کے بعد 2014 میں "سنگھم ریٹرنز" ریلیز ہوئی، جبکہ تیسری فلم اس دیوالی پر ریلیز کی جائے گی۔
View this post on Instagram
روہت شیٹھی کی ہدایت کاری میں بننے والی "سنگھم اگین" میں اجے باجی راؤ سنگھم کے کردار میں دوبارہ نظر آئیں گے،اس فلم میں سلمان بھی ایک کیمیو کریں گے جبکہ دیگر کرداروں میں رنویر سنگھ، اکشے کمار، کرینہ کپور، دیپیکا پڈوکون، ٹائیگر شروف اور ارجن کپور بھی شامل ہیں۔