19

بارڈر ہیلتھ سروسز کی غفلت، منکی پاکس کا مریض اسلام آباد سے پشاور پہنچ گیا

بارڈر ہیلتھ سروسز کی غفلت کے باعث منکی پاکس کا کیس اسلام آباد سے پشاور پہنچ گیا۔

حکام کے مطابق خلیجی ملک سے آنے والا منکی پاکس سے متاثر شخص 7 ستمبر کو اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچا۔

حکام نے بتایا کہ بارڈر ہیلتھ سروسز کی غفلت سے مریض ائیرپورٹ سے نکلا اور پشاور پہنچ گیا، متاثرہ شخص نے ہوٹل میں قیام کیا اور پشاور میں ایک اسکن اسپیشلسٹ سے رابطہ کیا۔

حکام نے مزید بتایا کہ متاثرہ شخص کا خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں ٹیسٹ ہوا اور منکی پاکس پازیٹو آیا جس پر ماہرین اور حکام نے بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

اس حوالے سے ٹیکنیکل ورکنگ گروپ نے بتایا کہ پشاور کے علاوہ دیگر تمام پوائنٹ آف انٹری، ائیرپورٹس پر سرویلنس انتہائی ناقص ہے۔

واضح رہے ملک میں رپورٹ ہونے والا منکی پاکس وائرس کا یہ پانچواں کیس ہے اور زیادہ تر کیسز خلیجی ریاستوں سے آنے والے مسافروں میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔