14

فیصل قریشی احسان فراموش اور دانش تیمور بے ادب ہے: پرویز کلیم

ہدایتکار اور اسکرین رائٹر پرویز کلیم نے اداکار دانش تیمور کو گستاخ   اور بے ادب قرار دے دیا۔

ایک یوٹیوب انٹرویو کے دوران میزبان نے پرویز کلیم سے سوال کیا کہ حال ہی میں فلم ڈائریکٹر  اقبال کشمیری نے دانش تیمور کو اپنے پروجیکٹ میں لینے کیلئے بہت کوشش کی  لیکن انہوں نے انکار کردیا، کیا وجہ ہے کہ پہلے جو آرٹسٹ کام کیلئے ترستے تھے اب وہی آپ سمیت اقبال کشمیری اور چوہدری کامران کے ساتھ کام کرنا نہیں چاہتے؟

میزبان کے سوال کے جواب میں پرویز کلیم نے کہا کہ ’دانش تیمور بد نصیب ہے جو اقبال کشمیری کے ساتھ کام نہیں کرپایا، دانش تیمور خود کو پاکستان کا راک ہڈسن ( امریکن اداکار ) سمجھتے ہیں‘۔

پرویز کلیم نے ایک واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں ایک فلم کیلئے دانش تیمور کے گھر گیا  وہ جھولے میں بیٹھے  تھے اور انہوں نے ٹانگیں میری طرف کی ہوئی تھیں، میں ایک عمر رسیدہ انسان ہوں لیکن میں ان کی یہ حرکت دیکھ کر سمجھ گیا تھا کہ اس میں کتنا سلیقہ ہے اور یہ کہاں تک پرواز کرے گا، دانش تیمور بے ادب لڑکا ہے، ان  کی فلمیں فلاپ ہونے کی وجہ بھی ان کی بے ادبی ہے، وہ گستاخ ہے، آ ج بھی وہ معافی مانگ لے تو اللہ اس کو معاف کردے گا۔‘ 

دوسری جانب پرویز کلیم نے  اداکار فیصل قریشی اور اداکار سعود کو فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کروانے کا دعویٰ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ افشاں قریشی کے کہنے پر میں نے کم عمری میں  فیصل قریشی کو بطور ہیرو کردار دیا، اسی طرح سعود کو بھی میں نے کراچی میں دیکھ کر  کردار آفر کیا لیکن دونوں احسان فراموش ہیں، اگر کبھی احسان فراموشی کی تصویر بنائیں تو ان کی بن جائے گی کیوں کہ وہ عید شب برات پر بھی ہائے ہیلو نہیں کرتے۔