15

اپنی شادی میں کھل کر ڈانس کرنا چاہتی تھی، سوناکشی سنہا

بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے 23 جون کو ہونے والی شادی کی تقریب سے متعلق اپنی سب سے بڑی خواہش کا اظہار کردیا۔

اداکارہ سوناکشی سنہا نے جہاں  اپنے دیرینہ دوست ظہیر اقبال سے شادی کا اچانک اعلان کرکے مداحوں کو دنگ کردیا وہیں 23 جون کو سول میرج ایکٹ کے تحت شادی کو رجسٹرڈ کرکے سوناکشی اور ظہیر نے اپنی خوبصورت ازدواجی زندگی کا آغاز کیا۔

 سونا کشی اور ظہیر  اقبال کی اس شادی میں سنہا خاندان سمیت رتنسی فیملی کے افراد شامل ہوئے لیکن دلہنیا کے دونوں بھائی لو سنہا اور کش سنہا اس شادی میں کہیں نظر نہ آئے۔

23 جون کی شب کو ہی اس جوڑے کی شادی کی خوشی میں شاندار استقبالیہ منعقد کیا گیا جس میں  نہ صرف مہمانوں نے جم کر جشن منایا بلکہ نوبیاہتا دلہن اور دولہا کے پرجوش رقص کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی دکھائی دیں۔

شادی کی دھوم دھام کے بعد یہ جوڑا ہنی مون منانے میں مصروف ہے جبکہ اداکارہ سے جب ان کی سادہ سی شادی کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو سوناکشی نے کہا، "میں اصل میں نہیں جانتی، یہ صرف ایک حقیقت تھی کہ ہم ایک دوسرے  کیلئے بنے ہیں  اور یہ وہ چیز ہے جو ہم اتنے عرصے سے کرنا چاہتے تھے۔

سوناکشی کا کہنا تھا کہ،’ہم چاہتے تھے کہ یہ ایک سادہ ہی تقریب رہے لیکن ہماری استقبالیہ تقریب ایک عالیشان طریقے سے منائی جائے  جہاں ہر کوئی لطف اندوز ہوسکے’۔

اداکارہ نے بتایا کہ میری شادی کے دن گھر میں چہل پہل، سجاوٹ اور مہمانوں کی آمد سب ایک بہت ہی خوبصورت منظر تھا، میں نے لباس کا انتخاب بھی ایسا ہی کیا جس میں نے خود کو آرام دہ محسوس کرسکوں لیکن ایک خواہش میری یہ بھی تھی کہ میں اپنی شادی پر شاندار رقص کروں جو میں نے کیا’۔

واضح رہے کہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی بین المذاہب شادی میں ایک جانب جہاں مداحوں نے خوشی منائی وہیں کئی صارفین ایسے بھی تھے جنہوں نے اس شادی پر سوالات کی بوچھاڑ کردی۔