77

آئی ایم ایف کا نئے قرض پروگرام کیلئے ڈومور کا مطالبہ

آئی ایم ایف نے نئے قرض پروگرام کے لیے ڈومور کا مطالبہ کردیا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو درآمدات پر عائد پابندیاں کم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔وزارت خزانہ کو برآمدی شعبوں کو دی جانے والی سبسڈی بھی ختم کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

آئی ایم ایف کا مزید کہنا ہے کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں درآمدات پر ڈیوٹیز کم کی جائے، درآمدات پر عائد پابندیاں بھی مرحلہ وار ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ نے درآمدات پر عائد ڈیوٹیوں میں کمی پر اتفاق کرلیا ہے،دوسری جانب  وزارت تجارت نے ٹیرف میں کمی کے فیصلے میں مقامی صنعت کے تحفظ کو اولین ترجیح دینے پر زوردیا ہے۔

ٹیرف میں کمی کا فیصلہ مقامی مارکیٹ کے تحفظ کو پیش نظر رکھ کر کیاجانا چاہیے،وزارت تجارت نے درآمدات پر عائد پابندیاں مکمل طور پر ختم کرنے کی بھی مخالفت کی ہے۔

ذرائع وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ درآمدات پر پابندیاں مکمل طور پر ختم کرنے سے زرمبادلہ پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔