344

واٹس ایپ میں فون کی اسٹوریج بچانے کے لیے کارآمد فیچر کا اضافہ

واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ ہے مگر اس کی درجنوں چیٹس سے موصول ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز کسی بھی صارف کے فون کی اسٹوریج کو بہت تیزی سے بھر دیتی ہیں۔

مگر اب کمپنی نے اس کا ایک منفرد حل نکال لیا ہے تاکہ فون کی اسٹوریج کو بچایا جاسکے۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق میٹا کی زیرملکیت ایپ نے ایک ایسا نیا فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو اسٹوریج بھرنے کے مسئلے کا حل ثابت ہوگا۔

واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں ایک فیچر متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد ڈیوائسز کی اسٹوریج کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی ہوم فیڈ کے چیٹ فلٹرز کی طرح اسٹوریج منیجمنٹ کے لیے بھی 3 فلٹرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

آل، ان ریڈ (unread) اور گروپس نامی یہ فلٹرز سے آپ آسانی سے جان سکتے ہیں کہ کونسے کانٹیکٹ، چینلز یا گروپ واٹس ایپ کی اسٹوریج کو سب سے زیادہ بھرتا ہے۔

اس فیچر کے لیے سیٹنگز میں اسٹوریج اینڈ ڈیٹا اور پھر مینیج اسٹوریج میں جائیں، جہاں آپ مختلف اعدادوشمار دیکھ سکتے ہیں۔

وہاں آپ ان فلٹرز کو اسٹوریج ڈیٹیلز کے نیچے دیکھ سکیں گے اور ہر انفرادی اکاؤنٹ یا گروپ کے آگے لکھا ہوگا کہ اس کی میڈیا فائلز نے فون اسٹوریج کو کتنا بھرا ہے۔

عموماً چینلز اور گروپس کی جانب سے زیادہ بڑی میڈیا فائلز کو پوسٹ کیا جاتا ہے جن سے فون کی اسٹوریج تیزی سے بھرتی ہے۔

یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں دستیاب ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔