123

خواتین ڈاکٹرز سے علاج کرانے والے مریضوں کی شرح اموات مرد ڈاکٹرز کے مقابلے میں کم، تحقیق

حالیہ تحقیق کے مطابق مرد ڈاکٹروں کے مقابلے میں خواتین ڈاکٹرز سے علاج کرانے والے مریضوں کے زندہ رہنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

امریکی کالج آف فزیشنز کی جانب سے شائع ہونے والے اینالز آف انٹرنل میڈیسن نامی جرنل میں جاری ایک تحقیق کے مطابق خواتین ڈاکٹرز کے مریضوں کی شرح اموات مرد ڈاکٹروں کے مقابلے میں کم ہوتی ہے۔

اس تحقیق کے مطابق خواتین ڈاکٹرز سے علاج کرانے والے مریضوں کی شرح اموات اور دوبارہ اسپتال داخل ہونے کی شرح کم ہوتی ہے۔ خواتین معالجین اعلیٰ معیار کی دیکھ بھال فراہم کرتی ہیں اور اس لیے زیادہ خواتین ڈاکٹرز کا ہونا مریضوں کے لیے فائدہ مند ہے۔

اینالز آف انٹرنل میڈیسن کی اس تحقیق کے لیے 458،100 خواتین مریض اور 318،800 سے زیادہ مرد مریض نے حصہ لیا۔ یہ افراد 2016 سے 2019 تک مختلف بیماریوں کی وجہ سے اسپتال میں داخل تھے۔

تحقیق کے مطابق ایسے مریض جنہوں نے خواتین ڈاکٹرز سے علاج کرایا ان میں اموات کی شرح 8.15 فیصد تھی۔ دوسری طرف مرد ڈاکٹرز کے ذریعے علاج کے دوران یہ شرح 8.38 فیصد تھی۔

ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ خواتین ڈاکٹرز اپنے مریضوں سے بات کرنے، ریکارڈ دیکھنے اور علاج کرنے میں زیادہ وقت لگاتی ہیں۔