اگر آپ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر یوٹیوب دیکھنے کے عادی ہیں تو بہت جلد اس میں نمایاں تبدیلی محسوس کریں گے۔
گوگل کی زیر ملکیت ویڈیو شیئرنگ سروس کے ویب ورژن کو ری ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی نے گزشتہ دنوں ایک رپورٹ میں بتایا کہ یوٹیوب میں ویڈیو ٹائٹل، اپ لوڈ انفو اور کمنٹس کو دائیں جانب اس جگہ منتقل کیا جا رہا ہے جہاں ابھی وہ ویڈیوز نظر آتی ہیں جو اس سروس کی جانب سے سجیسٹ کی جاتی ہیں۔
اسی طرح سجیسٹ ویڈیوز اور شارٹس شیلف کو ویڈیو کے نیچے ایک نمایاں جگہ پر منتقل کر دیا جائے گا۔
اس ڈیزائن میں ویڈیو ڈسکرپشن اور دیگر تفصیلات اب مختصر جگہ پر نظر آئیں گی۔
ویب ورژن کا نیا ڈیزائن پرانے سے بالکل مختلف محسوس ہوتا ہے جو ہوسکتا ہے کہ کچھ افراد کو زیادہ پسند نہ آئے۔
درحقیقت اب یہ ڈیزائن کافی حد یوٹیوب کی ٹی وی ایپ سے ملتا جلتا محسوس ہوتا ہے۔
اس سے یہ عندیہ بھی ملتا ہے کہ کمپنی کی جانب سے کمنٹس کی جگہ صارفین کے مواد کو زیادہ ترجیح دی جا رہی ہے۔
نیا ڈیزائن ایسا ہوگا / فوٹو بشکریہ اینڈرائیڈ اتھارٹی
رپورٹ کے مطابق اس ڈیزائن کی آزمائش محدود صارفین میں کی جا رہی ہے اور اس کا مقصد ڈیسک ٹاپ پر ویڈیوز دیکھتے ہوئے کمنٹس پڑھنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
اس سے قبل مارچ میں یوٹیوب کی جانب سے ٹی وی ایپ کو ری ڈیزائن کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
کمپنی کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں یوٹیوب ٹی وی ایپ کو ری ڈیزائن کرکے متعارف کرایا جائے گا۔
اس حوالے سے زیادہ تفصیلات تو نہیں بتائی گئیں مگر کمپنی کے مطابق نئے ڈیزائن سے صارفین کے لیے متعدد نئے تجربات کا دروازہ کھل جائے گا۔
نئی یوٹیوب ٹی وی ایپ میں شاپنگ کا عمل زیادہ آسان کیا جائے گا جبکہ ویڈیو ڈسکرپشن اور کمنٹس تک رسائی کو بھی آسان بنایا جائے گا۔
جب ڈسکرپشن اور کمنٹ فیڈ کو سلیکٹ کیا جائے گا تو ویڈیو کا حجم گھٹ جائے گا۔