59

عفت عمر کا مسلم لیگ (ن) کو اپوزیشن میں بیٹھنے کا مشورہ

معروف پاکستانی اداکارہ و میزبان عفت عمر نے عام انتخابات 2024 کے نتائج کے بعد مسلم لیگ (ن) کو اپوزیشن میں بیٹھنے کا مشورہ دیا ہے۔

عفت عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کی گئی اپنی پوسٹ میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو میرا آخری اور واحد مشورہ ہے کہ آپ عوامی مینڈیٹ کو خوش اسلوبی سے قبول کریں اور اپوزیشن میں بیٹھیں ورنہ آپ اپنی صداقت اور عوام میں اپنا اعتبار مزید کھو دیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے آپ کے حامی بھی آپ کا ساتھ دیں گے اور آپ کی زیادہ عزت کریں گے۔

اداکارہ نے مسلم لیگ (ن) کے لیڈران سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ ایک حقیقی سیاستدان کی طرح کام کریں۔

 

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے، تاحال الیکشن کمیشن کو قومی اسمبلی کے 257 حلقوں کے نتائج موصول ہو چکے ہیں جب کہ 266 میں سے 7 حلقوں کے نتائج آنا باقی ہیں جبکہ ایک حلقے کا رزلٹ روک لیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں کامیاب ہونے والے پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں سمیت مجموعی تعداد 101 ہوگئی ہے۔ مسلم لیگ ن اب تک 73 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے تاہم 4 آزاد امیدواروں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدوار 54 ہوگئے ہیں۔