72

نرگس فخری کے والد پاکستانی نکلے

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ نرگس فخری نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے والد کا تعلق پاکستان سے ہے۔

امریکی نژاد بالی ووڈ اداکارہ نرگس فخری کا شمار اُن بھارتی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے بالی ووڈ میں اپنی ڈیبیو فلم سے ہی شہرت حاصل کی۔

رنبیر کی فلم ‘راک اسٹار’ سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے والی معروف اداکارہ نرگس فخری نے کئی پاکستانی اشتہارات میں بھی کام کیا ہے لیکن اس بارے میں کوئی نہیں جانتا کہ پاکستان کے ساتھ اُن کے خاندان کا گہرا تعلق ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران اپنی فیملی کے بارے میں بات کرتے ہوئے نرگس فخری نے کہا کہ اُن کے والد پاکستانی تھے جبکہ اُن کی والدہ کا تعلق جمہوریہ چیک سے تھا۔

نرگس فخری نے اپنی پیدائش کے بارے میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ اُن کی پیدائش نیویارک شہر میں ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ نرگس فخری نے 2011ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’راک اسٹار‘ سے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔ اس فلم میں انہوں نے اداکار رنبیر کپور کے ساتھ کام کیا تھا جبکہ انہوں نے متعدد دیگر بلاک بسٹر فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

نرگس فخری اپنی ذہنی صحت کی وجہ سے طویل عرصے تک بڑے پردے سے دور رہیں اور اب وہ فلم ’ہری ہرا ویرا مالو‘ میں نظر آئیں گی۔