گوگل نے اپنے صارفین کے لیے گوگل میپس میں تھری ڈی بلڈنگز نامی فیچر متعارف کرا دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اگر آپ گوگل میپس استعمال کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس میں ایک کارآمد فیچر تھری ڈی بلڈنگز کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو جلد صارفین کو دستیاب ہو گا۔
ویسے تو گوگل میپس ایپ میں تھری ڈی بلڈنگز کا آپشن لیئرز کافی عرصے سے دستیاب ہے مگر نیوی گیشن موڈ میں اسے استعمال کرنا ممکن نہیں ہوتا تھا تاہم اب کمپنی کی جانب سے نیوی گیشن موڈ میں اس فیچر کو استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ جو جلد صارفین کو دستیاب ہو گی۔
9 ٹو 5 گوگل کی ایک رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کی اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس میں نیوی گیشن کے دوران تھری ڈی بلڈنگز کا آپشن کچھ صارفین کو دستیاب ہے۔
گوگل کا یہ فیچر شہروں میں سفر کے دوران بہت زیادہ مددگار ثابت ہو گا اور یہ جاننا آسان ہو جائے گا کہ منزل پر پہنچنے کے لیے کس راستے پر مڑنا بہتر ہو گا،عمارات کو تھری ڈی شکل میں دیکھنے کے لیے ایپ کے میپ ڈیٹلز سیکشن میں تھری ڈی لیئر کو ٹرن آن کرنا ہو گا۔
گوگل کے اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے ایپ میں لیئرز آئیکون پر کلک کر کے تھری ڈی آپشن کا انتخاب کریں اور اس کے بعد نیوی گیشن موڈ استعمال کرتے ہوئے زوم کرنے پر عمارات تھری ڈی شکل میں نظر آئیں گی۔
گوگل کا یہ فیچر شہروں یا زیادہ عمارات والے علاقوں میں ہی استعمال ہو سکے گا اور میپ میں زوم کرنا ضروری ہو گا۔